نیشنل پارٹی بلوچ اور بلوچستان کے ساحل اور وسائل کے تحفظ کا عزم رکھتی ہے، ڈاکٹر مالک
گوادر (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابقہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر سید ظہور شاہ کی سرزمین ہے، سید ظہور شاہ ہاشمی نے اپنے ادبی اسلوب اور وجدان سے علم و شعور اور آگہی کے فروغ کو ممکن بناکر بلوچ قوم اور بلوچی زبان کو ممتاز کرایا۔ سید ظہور شاہ ہاشمی کے شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوان حصول علم کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھوریہ انگلش لینگویج سینٹر میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور تعلیم کا دور ہے اور اس میں وہی قوم کامیاب ہوسکتی ہے جو تعلیم سے لیس ہو۔ گوادر کے نوجوان فنی اور دیگر تعلیم کے حصول کے لئے دلچسپی دکھائیں، اس سرزمین کے وارث آپ ہیں اور اس کی باگ ڈور آپ کے ہاتھوں میں ہوگی تو کوئی بھی محلاتی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے نوجوان پروفیشنل تعلیم کو اپنا شعار بنائیں مقابلے کے امتحانات میں شرکت کریں اور پالیسی ساز اداروں کا حصہ بنیں تاکہ وہ اپنے علاقے اور قوم کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ اور بلوچستان کے ساحل اور وسائل کے تحفظ کا عزم رکھتی ہے۔ نیشنل پارٹی عوام کی حق حاکمیت پر یقین رکھتی ہے، نیشنل پارٹی کا وژن شعوری، فکری اور تعمیری سوچ کی آئینہ دار ہے، ہم سطحی اور جذباتی نعروں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ زمینی حقائق اور معروضی حالات کے تہی عوام کی ترجمانی کرنا ہمارا مطمع نظر ہے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر اشرف حسین، ڈھوریہ انگلش لینگویج سینٹر کے ڈائریکٹر حسن علی موسیٰ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ڈھوریہ انگلش لینگویج سینٹر کے ڈائریکٹر حسن علی موسی نے سید گنج تحفتاً پیش کی۔


