بلوچستان میں خواتین کو انصاف تک مفت رسائی کے اقدامات کرنا ہوں گے، محکمہ ترقی نسواں
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سید سکندر شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خوانین کو انصاف تک مفت رسائی کے لیے سرکاری محکموں، وکلا برادری اور سماجی تنظمیوں کو باہمی اشتراک سے اقدامات کو موثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مطلوبہ اہداف کے لئے مختص وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان اور ایس پی او کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ریفرل اور کوآرڈینیشن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں مختلف حکومتی اداروں کے علاوہ سول سوسائٹی اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مشاورتی نشست میں بلوچستان میں قائم خواتین ہیلپ لائن 1089 کی کارکردگی کو موثر بنانے کے لیے محکمہ سماجی بہبود، وکلا اور دیگر متعلقہ اداروں کے مابین مستحکم روابط کے فروغ اور خواتین سائلین کی بروقت و فوری دادرسی کے لئے اقدامات کو موثر بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا جبکہ اندرون بلوچستان ضلعی سطحوں پرخواتین کو انصاف کی فراہمی کے لئے کمیٹیوں کے قیام پر زور دیا گیا۔ سید سکندر شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ ترقی نسواں باقی غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔ خواتین سائلین کو مفت قانونی امداد اور معاونت کے لئے محکمہ ترقی نسواں اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت بھی دستخط کیا گیا۔ کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر قاسم خان مندوخیل اور جنرل سیکرٹری نور گل نے کہا کہ ان کی تنظیم خواتین سائلین کو ہر قسم کی بلا معاوضہ قانونی مدد اور رہنمائی فراہم کرے گی اور مستقبل میں بھی محکمہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔اجلاس سے ایس پی او کےپروگرام اسپیشلسٹ عامر علی نے ہیلپ لائن کی کارکردگی اور بلوچستان کمیشن برائے خواتین فوزیہ شاہین، ڈائریکٹر محکمہ ترقی نسواں شازیہ ریاض، عنبرین گل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور تجاویز پیش کیں ۔


