ناروے میں تخریب کاری کے کیس میں مطلوب پاکستانی نژاد شخص گجرات میں لاپتہ

گجرات (انتخاب نیوز) ناروے کا ایک پاکستانی نژاد شہری ایک ہفتے سے زائد عرصے سے لاپتہ ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 26 ستمبر کو دیونہ منڈی کے شہزاد احمد بھٹی نے رحمانیہ پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا بھتیجا عرفان قدیر بھٹی اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے گیا تھا جس کے بعد اس نے شہزاد احمد کو ٹیکسٹ میسج کیا کہ وہ بچوں کو اسکول سے اٹھا کر گھر چھوڑ دیں۔ چنانچہ شہزاد احمد نے بچوں کو اسکول سے لے کر گھر پہنچا دیا تاہم جب عرفان بھٹی کو فون کیا تو اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے بتایا کہ عرفان بھٹی جون میں اپنے 3 بچوں کے ہمراہ گجرات آیا تھا، اس کے بہن بھائی اور والدہ ناروے میں ہی رہ گئے تھے، ان کو لگا کہ عرفان بھٹی ناروے میں تخریب کاری کے ایک کیس کے سلسلے میں اپنی گرفتاری سے بچنے کےلئے کہیں اور فرار ہوگیا ہے۔ ناروے کی پولیس نے رواں سال جون میں اوسلو میں ایک ہم جنس پرست بار میں گولی چلانے کے سلسلے میں عرفان کےلئے بین الاقوامی گرفتاری کے وارنٹ دائر کیے تھے۔ کیس میں ایک مشتبہ شخص کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ناروے کے میڈیا کے مطابق عرفان بھٹی کو پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے حراست میں لے رکھا ہے، تاہم ضلعی پولیس افسر غضنفر شاہ نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں