بلوچ نوجوانوں کو جبری گمشدہ کرکے قتل کیا جارہا ہے، بی ایس او پجار

نوشکی (انتخاب نیوز) بی ایس او پجار نوشکی زون کا سی ٹی ڈی آپریشن کیخلاف میر گل خان نصیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین نے پلے کارڈ، بی ایس او کے جھنڈے اور شہداءکی تصاویر ا±ٹھا رکھی تھیں۔ احتجاجی مظاہرے سے نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ ، بی ایس او پجار کے مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکرٹری وکرم کنول بلوچ، بی ایس او کے سی سی ممبر آغا حق نواز شاہ، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر رب نواز شاہ، تحصیل آرگنائزر بابو خان محمد بلوچ، بی ایس او پجار نوشکی زون کے صدر مشتاق بلوچ، زونل جنرل سیکرٹری اظہار بلوچ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں یہ پہلا واقعہ نہیں کہ جس میں بے گناہ نوجوانوں کو قتل کیا گیا ہو، تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کئی بے گناہ بزرگ، بچے اور نوجوان قتل ہوچکے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ہم نے وسیم تابش بلوچ اور دیگر اغواءشدہ بلوچوں کے لیے بلوچستان کے تمام اضلاع کے علاوہ کراچی میں بھی مظاہرے کیے، وسیم تابش بلوچ کو خضدار سے اغوا کیا گیا تھا اور اب جعلی آپریشن میں وسیم تابش بلوچ، سلال بادینی اور دیگر نوجوانوں کو قتل کیا گیا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اسے ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، مگر نااہل حکمرانوں کو بلوچ کی نہیں اسکی سرزمین، ساحل وسائل کی ضرورت ہے۔ مقررین نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بلوچ نسل کشی کا نوٹس لیں اور اغواءنما گرفتار لوگوں کو بازیاب کرانے اور انہیں عدالتوں میں پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں