کسی بھی حکومت نے بلوچستان کے عوام کیساتھ وعدے پورے نہیں کئے،سراج الحق

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی نمائندہ دینی جمہوری پلیٹ فارم ہے جماعت اسلامی میں قبائلی عمائدین نوجوانوں کی شمولیت خوش آئند ہے بلوچستان کو جماعت اسلامی حقوق دلائیگی۔جماعت اسلامی نے بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جدوجہد کیا ہے پاکستان کو اسلامی بناکر بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے۔کسی بھی حکومت نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ صوبہ مسائل کا انبار بن چکا، 70فیصد عوام غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، صاف پانی تک کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار تعلیم اورعوام کووسائل دینے سے احساس محرومی وغربت کا خاتمہ ممکن ہے۔بلوچستان کے شاہراہوں کو ڈبل کرنے،پینے کا صاف پانی، گیس وبجلی کی فراہمی کے وعدے پورے نہیں ہوئے۔ ان خیالات کا اظہارانہو ں نے کوئٹہ مینگل آبادشرقی بائی پاس میں سردارشیردل خان مینگل ایڈوکیٹ کی رہائش گاہ پر شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر سردار شیردل خان سے ساتھیوں،قبائلی عمائدین اورنوجوانوں سمیت ڈیڑھ سوافراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی،نائب امیرصوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر،امیر ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی،سردارشیردل خان،عبدالمجید سربازی نے خطاب کیا۔سراج الحق نے قبائلی عمائدین ونوجوانوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے خطاب میں مزید کہاکہ بلوچستان میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ، نوجوان بری طرح مایوس ہے۔ حقوق بلوچستان پیکیج سے لے کر گوادر کے عوام سے کیے گئے حالیہ معاہدہ تک، حکمرانوں نے ہر دفعہ صوبے کے عوام کو دھوکا دیا۔ وعدوں کے باوجود لاپتہ افراد،روزگار،حقوق کے حصول کا مسئلہ حل نہیں ہوا، سالوں گزرگئے، مائیں اپنے بچوں کی شکل دیکھنے کے لیے ترس رہی ہیں۔ بے عمل اعلانات،وعدے اورنام نہاد معاشی پیکیجز صرف کاغذوں تک محدود رہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے تنگ لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ سارا نظام جھوٹ پر کھڑا ہے۔ سودی معیشت اور کرپشن نے اداروں کو تباہ کیا اور عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ حکمرانوں کی پالیسیاں قرضہ لو اور ڈنگ ٹپاؤ تک محدود ہیں۔ ایٹمی اسلامی پاکستان کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا حصہ بنیں۔ صوبے کے نوجوانوں کو خصوصی طور پر دعوت دیتا ہوں کہ جاگیرداروں اور وڈیروں کی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کا آغاز کریں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی نظام آئے گا تو خوشحالی آئے گی اور بلوچستان کے مسائل حل ہوں گے۔ صوبے کے وسائل پر صوبے کے عوام کا پہلا اور بنیادی حق ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی آئی ہے، ہم آئندہ بھی یہ کام پوری یکسوئی اور ہمت سے جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ جماعت اسلامی کسی فرد کے خلاف نہیں فرسودہ نظام کو بدلنے کی بات کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں