ارشد شریف قتل اور اعظم سواتی پر تشدد کیخلاف سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ میں پٹیشن داخل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر قاسم خان سوری، ایم این اے منورہ منیر بلوچ، وزیر معدنیات مبین خلجی و دیگر پارلیمنٹرین، سینئر قیادت و عہدیداران نے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی ار درج کرنے، صحافی ارشد شریف قتل اور اعظم سواتی پر تشدد کیسز پر سوموٹو لینے اور شفاف تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ میں پٹیشن داخل دائر کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی صدر پی ٹی آئی بلوچستان قاسم خان سوری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر آباد کے مقام پر حقیقی آزادی مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے کارکن معظم جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوئے لیکن ابھی تک اس قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی، حتیٰ کہ قانون کے مطابق ایف آئی آر پہلی معلوماتی رپورٹ ہوتی ہے جو عام پاکستانی شہری کسی کیخلاف بھی درج کرواسکتا ہے، بعدازاں اس پر تفتیش و تحقیق ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں 75 سال کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو مجرموں کے طرح اٹھا کر برہنہ کیا اور عمران خان کیخلاف کھڑا کرنے کی کوشش کی جب اعظم خان سواتی نہیں جھکے بلکہ پہلے سے بھی زیادہ پرعزم انداز میں عمران اور حقیقی آزادی کے غازی بن کر میدان میں ڈٹے رہے تو پھر انکی گھریلو او نجی زندگی کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی جس کی مثال کسی بھی معاشرے میں تو کیا اعلان جنگ میں بھی نہیں ملتی، ہم اعلیٰ عدلیہ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج کی جائے اور صحافی ارشد شریف کے قتل اور اعظم خان سواتی پر تشدد پر سو موٹو ایکشن لے کر شفاف تحقیقات کرا کر قانونی تقاضے پورے کریں۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ، نوابزادہ شریف جوگیزئی، سردار خادم حسین وردگ، باری بڑیچ، حاجی سیف اللہ کاکڑ، محمد آصف ترین، داؤد پانیزئی نور خان خلجی، عالم کاکڑ، سید تاج آغا، جعفر کاکڑ، اختر مندوخیل، آئی ایل ایف ممبرز، وکلاء برادری اور بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں