بل ادا کریں گے تو ہی بجلی ملے گی، زمینداروں کو ایک پارسل بیج سنگین مذاق کے مترادف ہے، نصیر احمد شاہوانی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) زمیندار ایکشن کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت ایم پی اے ہاسٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں جنرل سیکرٹری حاجی عبد الرحمن بازئی، حاجی بسم اللہ خان کاکڑ، حاجی عبد الجبار کاکڑ، کاظم خان اچکزئی، سید عبد القہار آغا، ملک رمضان مہتر زئی، حاجی افضل دشت، عبید اللہ پانیزئی، خالق داد، عبید اللہ جان میر زئی، عبدالمجید مشوانی،حاجی حیات کھڈ کوچہ، عزیز مغل قلات، منیر شاہوانی، حاجی یعقوب،دوست محمد کٹکے زئی، مبارک علی بادینی، ملک منظور، حاجی نبی بخش کرد، حاجی روز الدین کاکڑ، صدیق اللہ آغا سمیت زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے حاجی فیضو، حاجی شاہ جہان اور دیگر وفات پانے والے ممبران کے ایصال ثواب کے علاہ علیل ممبران حاجی ولی محمد رئیسانی سمیت دیگر کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں بجلی کی وولٹیج، گندم، کھاد و دیگر اجناس کے بیج کی فراہمی، سیلاب سے زمینداروں کے نقصانات اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ازالے کے اعلانات پر تفصیلی غور ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ زمینداروں کے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے سے کیسکو کی جانب سے زرعی فیڈرز پر بجلی ٹو فیز کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹیوب ویلز چلانے کی بجائے زمینداروں کی مشینری کو نقصان ہو رہا ہے، بیج کے کوٹے پر نظر ثانی کی جائے بعض اضلاع کے بیج کے حصے پر کٹ لگایا گیا ہے۔ وفاق نے بلوچستان کو گندم کے بیج دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے اپنے طور پر گندم کی بیج خرید کر زمینداروں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن وہ کم ہونے کی وجہ سے بہت سے زمیندار محروم ہوں گے اعلانات برائے نام ہو رہے ہیں کیسکو کو اب تک کوئی حکم نہیں ملا ہے اور زمینداروں کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بجلی بل جمع ہوں گے تو ہی بجلی ملے گی حالانکہ اس حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے اعلانات بھی کئے ہیں، ایک زمیندار کو ایک پارسل بیج سنگین مذاق کے مترادف ہے صوبے کے باعزت زمینداروں کو ایک ڈپٹی کمشنر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے سیلاب کے نقصانات کے ازالے سے متعلق زمینداروں کو بے خبر رکھا گیا ہے جو باعث افسوس ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی نے کہا کہ بجلی زمینداروں کیلئے حالت نزع کی مانند ہے زمیندار ایکشن کمیٹی زمینداروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس نے ہمیشہ بلوچستان کے زمینداروں کا ایک مضبوط آواز بن کر حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے زمینداروں کے حقوق کیلئے ہم نے جانیں بھی دی ہیں بجلی منقطع عین سیزن میں نہیں ہونی چاہیے، زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل کیلئے متحرک ہے بجلی کے بلوں، گندم کی بیج، کھاد، سیلاب سے متاثرہ باغات فصلات کے نقصانات کے ازالے کیلئے وزیراعلی بلوچستان سے ملاقاتیں کی جائیں گی اگر ازالہ نہ ہوسکا تو زمیندار ایکشن کمیٹی کے 5دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں