افغان صوبے سمنگان کے مدرسے میں دھماکہ، 16 افراد جاں بحق، زیادہ تر بچے شامل، 24 زخمی
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبے سمنگان میں ایک مدرسے میں ہونے والے دھماکے میں 16 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سمنگان کے شہر ایبک میں ایک مدرسے میں زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت نماز ادا کی جارہی تھی جس میں بڑی تعداد میں طلبا اور عام شہری بھی شریک تھے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کی شیشے ٹوٹ گئے۔ افغان پولیس نے دھماکے کی جگہ محاصرہ کرلیا۔ امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ سے 16 لاشیں لائی گئی جن میں زیادہ تر بچے اور عام شہری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق 24 زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہے، جس کے باعث دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا اور نہ کسی گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبل کی ہے۔ افغان پولیس جائے وقوعہ سے شواہد جمع کررہی ہے۔


