بلوچستان میں شاہراہوں کو سفر کیلئے محفوظ بنایا جائے، مسروقہ گاڑیاں برآمد کی جائیں، ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ٹرانسپورٹر ز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی فخر لہڑی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سامان سے لوڈ گاڑیوں کو لوٹنے اور ڈرائیوروں کو زدو کوب کر کے انہیں ہاتھ پاؤں باندھ کر پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاغی اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم نے چھینی گئی گاڑی اور سامان برآمد کر کے فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے شاہراہوں کو سفر کیلئے محفوظ بنایا جائے مستونگ سے چھینی گئی گاڑی برآمد کر کے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے پر بھی انتظامیہ اور لیویز کے شکر گزار ہیں، یہ بات انہوں نے چیئرمین محمد اسحاق بادینی، حاجی لیاقت پرکانی، سردار مجیب جمالدینی، حاجی غلام حیدر رئیسانی، میر رمضان زہری، حاجی عبدالواحد، سلطان علی،محمد عالم لہڑی، ٹرکی محمد وفا لہڑی، میر مرزا خان مینگل، حاجی بسم اللہ مینکل، داؤد مینگل کے ہمراہ جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر آئے روز سامان سے لوڈ گاڑیوں جن میں کھانے پینے کی چیزیں لوڈ ہوتی ہیں چھینی جا رہی ہیں، گزشتہ روز بھی تفتان سے اشیاء خورد و نوش لے کر آنے والی گاڑی کو مسلح ڈاکوؤں نے چھتر کے مقام پر ڈرائیور کو زود کوب کیا ہاتھ پاؤں باندھ کر دوسری گاڑی میں ڈال کر سامان سے لوڈ گاڑی لے گئے، اسسٹنٹ کمشنر چاغی عبدالباسط بزداراور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کر کے مسروقہ گاڑی اور سامان نوشکی کے علاقے میں ایک چار دیواری سے برآمد کر لی،مذکورہ آفیسر علاقے میں امن کے قیام کیلئے کوشاں ہیں، اور چند روز قبل بھی مستونگ کے علاقے کوشکک میں سامان سے لوڈ گاڑی چوری ہوئی تھی لیویز اور انتظامیہ نے گاڑی مال سمیت برآمد کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جس پر ہم متعلقہ انتظامیہ لیویز اور اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فرائض کی بجا آوری کے ذریعے مسروقہ سامان اور گاڑی برآمد کی اور شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کی روک تھام کیلئے انتظامات کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں