امپورٹڈ حکمران ملک کو بربادی کی جانب لے گئے، پاکستان کو بچانے کو واحد حل انتخابات ہیں، قاسم سوری
ژوب (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان کو تباہی اور ڈیفالٹ سے بچانے کا واحد حل جنرل الیکشن ہے امپورٹڈ حکومت شکست کے خوف سے جنرل الیکشن سے راہ فرار اختیارکر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ژوب میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کے دوران ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیراحمد بلوچ، باری بڑیچ، نور خان خلجی، ملک نصیب بیٹنی، اکرم ترین، داؤد مندوخیل، اختر شاہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قاسم خان سوری نے ژوب میں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی جانب سے الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کے سلسلے میں ریلی نکالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے اپنی چوریاں، کرپشن کے کیسز اور تجوریاں بھرنے کے خاطر ملک کو تباہ اور مقروض کرکے ڈیفالٹ کی طرف لے گئے، ان نااہل کرپٹ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ملک روز بروز بربادی کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان کو بچانے کو واحد حل جنرل الیکشن ہے جنرل الیکشن کے بعد منتخب حکومت پر بین الاقوامی اداروں کا اعتبار بڑھے گا ملکی معیشت کو سنبھالا دے کر ڈیفالٹ سے بچایا جاسکے گا۔ بعدازاں قاسم خان سوری کی قیادت میں ژوب کی معروف قبائلی و سیاسی سماجی شخصیت لعل گل خان کاکڑ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جلسے کی شکل میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، قاسم خان سوری نے مزید کہا کہ لعل گل خان کاکڑ ایک باکردار اور معتبر شخصیت ہے، انکی شمولیت سے تحریک انصاف بلوچستان میں مزید مستحکم اور مضبوط ہوگی۔


