خضدار میں فوج کے حق میں ریلی، بی اے پی کارکنان اور قبائلی افراد کی بھرپور شرکت
خضدار (انتخاب نیوز) خضدار میں فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ قبائلی رہنماء میر عبدالقیوم ساسولی نے ریلی کی قیادت کی۔ خضدار کے علاقہ زِیدی میں نکالی گئی ریلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سیاسی کارکنان اور قبائلی افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے اور فوج کے حق میں نعرہ بازی کررہے تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ فوج نے سرحدوں کی حفاظت، ملک میں اندرونی خلفشار سے نمٹنے اور مصائب میں قوم کی ہر وقت معاونت اور مدد کا کردار نبھایا ہے۔ فوج کے جوان ملک وقوم کی حفاظت میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہر وقت فرنٹ لائن پر کردار نبھا رہے ہوتے ہیں، آج بھی ملک و قوم کا مورال اگر بلند ہے تو اس میں بھی فوج کا نمایاں کردار ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آرمی کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں آرمی اس وقت بھی ملک میں وہ کردار نبھارہی ہے کہ جو کہ ماضی میں اس نے نبھایا ہے۔ انہوں نے سازشی عناصر اور فوج کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قوم آرمی کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ہر فیصلے اور کردار کی حمایت کررہی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور آرمی کے حق میں نعرہ بازی کی۔


