ٹوئٹر کی فیس بک، انسٹا گرام سمیت دیگر حریف سائٹس کے لنکس پوسٹ کرنے پر پابندی عائد

کیلفورینا(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹوئٹر نے فیس بک، انسٹا گرام سمیت دیگر حریف سوشل میڈیا سائٹس کے لنکس پوسٹ کرنے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔سوشل میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ جو اکاؤنٹس صارفین کو متبادل پلیٹ فارم کی ہدایت کرتے ہیں انہیں معطل کردیا جائے گا۔سوشل میڈیا سائٹس کے لنکس پر پابندی کے باوجود ٹوئٹر پر اشتہارات کی اجازت ہوگی۔ٹوئٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے بہت سے صارفین دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی متحرک ہیں تاہم اب ٹوئٹر کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی فری پروموشن کی اجازت نہیں دیگا۔ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ کمپنی ایسا مواد حذف کر دے گی جو فیس بک، انسٹاگرام، مسٹوڈان، ٹرتھ سوشل، ٹرابل، اور نوسٹر جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے اکاؤنٹس سے جڑا ہوا ہوگا۔اس سے قبل ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے متعدد صحافیوں کے معطل اکاؤنٹس بحال کرنے کا اعلان کیا۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے ووٹنگ کرائی تھی کہ میری لوکیشن کی آگاہی دینے والوں کا اکاؤنٹ کتنے دن میں بحال کیا جائے۔ایلون مسک کی جانب سے ووٹنگ پر صارفین کو ’7 دن‘ اور ’ابھی‘ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا آپشن دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں