کوئٹہ میں خواتین کیلئے الگ نادرا آفس بنایا جائے، مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان شانیہ خان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوآرڈینیٹر شانیہ خان نے نادرا کے چیئرمین سے اپیل کی ہے کہ کوئٹہ میں خواتین کے لئے ایک الگ نادرا آفس بنایا جائے جہاں سے خواتین کو بآسانی شناختی کارڈز کا اجراء ہو۔ خواتین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی کوآرڈینیٹر شانیہ خان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لئے شناختی کارڈز کا حصول انتہائی مشکل ہوگیا ہے، نادرا نے کوئٹہ میں خواتین کے لئے جمعہ کا دن مخصوص کیا ہے، نماز جمعہ اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے اس مخصوص دن میں خواتین کم وقت ہونے کے باعث شناختی کارڈ کے حصول سے محروم رہ جاتی ہیں۔ دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین لمبی لمبی قطاروں میں انتظار میں کھڑی رہتی ہیں، پراسیس سے گزرنے کے بعد قلیل وقت ہونے اور طویل انتظار کے بعد جب باری آتی ہے تو بات اگلے جمعہ پر چلی جاتی ہے جن سے نہ صرف ان کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ شناختی کارڈ نہ بننے کی وجہ سے مایوسی کا شکار بھی ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ میری نادرا کے چیئرمین سے یہ گزارش ہے کہ وہ بلوچستان کے مخصوص حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کوئٹہ میں خواتین کے لئے الگ نادرا آفس قائم کریں اور اس اقدام کو بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ضلعی سطح پرمرحلہ وار وسعت بھی دیں۔ انہوں نے کہاکہ میں خواتین کے شناختی کارڈز کے حصول کیلئے اس مشکل سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی آگاہ کرونگی۔


