بلوچستان میں رہنے والے تمام مذاہب، اقوام اور طبقات کے حقوق برابر ہیں، بی این پی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بی این پی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام کرسمس مذہبی تہوار کے سلسلے میں پروگرام نہایت ہی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا، جس میں مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا، پروگرام کے مہمان خاص بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی اعزازی مہمانان بی این پی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ اور بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات بالاچ قادر بلوچ تھے، دعائیہ تقریب کی سعادت پاسٹر الیور ضیاء نے حاصل کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی اور ندیم عبدال نے سرانجام دیئے، پارٹی کے ایم پی اے ٹائٹس جانسن نے پارٹی کے مرکزی سوشل میڈیا کمیٹی کے اراکین پرنس رزاق بلوچ اور ادریس پرکانی جبکہ ضلعی سوشل میڈیا کمیٹی کے اراکین رضاجان شاہزئی اور غلام مصطفی مگسی کو لیپ ٹاپ انکے حوالے کیا گیا، پروگرام سے پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی، مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات بالاچ قادر بلوچ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری ایم پی اے ٹائٹس جانسن،چیئرمین واحد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے دنیا کے مسیح برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہا ر کیا کہ یہ دن اور نئے سال کا سورج مسیح قوم سمیت کرہ عرض پر آبادتمام انسانوں کیلئے امن و آتشی بھائی چارگی، ترقی و خوشحالی کی نویدلیکر طلوع ہو، آج کے مسیح برادری کی خوشیوں میں شامل ہونے کیلئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کرسمس کی مناسبت پر منعقدہ پروگرام کا اہتمام ایک اعزاز کی بات ہے، کیونکہ بی این پی ایک سیکولر ترقی پسند روشن خیال قوم وطن دوست نظریات کی حامل سیاسی جماعت ہے جو بلا رنگ و نسل مذہب فرقہ علاقائیت سے بالا تر ہو کر انسانیت کی سربلندی پر یقین رکھتی ہے، بلوچستان میں رہنے والے تمام مذاہب اقوام اور طبقات کے حقوق برابر ہیں، جو بھی بلوچستان کے غم خوشی فائدہ نقصان قومی جمہوری حقوق کی جد و جہد میں شامل قربانیاں دیتے ہوئے بلوچستان کو اپنا مادر وطن سمجھتے ہیں، وہ بلوچستان کے حقیقی وارث اور یہاں کے وسائل پر برابری کا حق رکھتے ہیں، بلوچ سماج میں کہیں بھی مذہبی منافرت مذہبی دہشتگردی فرقہ واریت بنیاد پرستی نسل پرستی موقع و مفاد پرستی اقرباء پروری انتہا پسندی کرپشن دروغ گوہی وطن فروشی ضمیر فروشی غلط بیانی کی ذاتی مفادات کے اصول وطن سے بے وفائی کی گنجائش نہیں ہے، کیونکہ ہزاروں سالوں پر محیط بلوچ کی تاریخی ثقافت میرعمرمیروانی اور مہر گڑھ کی تاریخ دراصل انسانیت کا ایک مکمل فلسفہ اور نظریہ پوری دنیا کے سامنے ایک کھلی کتاب کی مانند ہے، انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچ قوم کے مثبت روایات اور ترقی پسند و سیکولر نظریاتی قوم وطن دوستی کی سیاست جو کہ خالصتاً اپنی مٹی کے ایک ایک انچ کے دفاع اور وسائل کی حفاظت کیلئے قربانیوں سے بھری پڑی ہے اس جد و جہد کو کاؤنٹر کرنے کیلئے اور یہاں کے وسائل پر دائمی قبضہ جمانے کی خاطر مثبت بلوچ روایات کو تہس نہس اور مسخ کرنے کی خاطر یہاں پر مصنوعی نام نہاد پیدا کردہ فرقہ واریت مذہبی جنونیت دہشتگردی تعصب تنگ نظری کو ہوا دیکر بلوچ قومی جمہوری سوال کو ذائل کرنے کیلئے طاقت کا سہارا لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں آباد تمام اقوام مذاہب ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد و منظم ہو کر شعوری جد و جہد کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قومی جمہوری حقوق کی جد و جہد میں یہاں کی مسیح برادر ی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور نیپ سے لیکر آج تک وہ یہاں کے قوم وطن دوست پارٹیوں کے ساتھ وابستہ ہو کر رونماء ہونے والی نا انصافیوں کیخلاف مصروف عمل ہیں، انکی قربانیوں کو نہایت ہی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انہیں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرینگے، اس موقع پر پراسیکوٹر جنرل بلوچستان ساجد ترین ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری میر جمال لانگو، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ضلعی جوائنٹ سیکرٹری اسماعیل کرد، ضلعی انسانی حقوق کے سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ، بی ایس او کے سابق سیکرٹری جنرل منیر جالب بلوچ، اور دیگر پارٹی کے عہدیداران وذمہ داران موجود تھے۔


