قومی اسمبلی کی مدت 3 سال کرنا احمقانہ بات ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد(انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں ختم کرکے ڈویژن لیول پر اسمبلی بنانی چاہیے،ہائیکورٹ بھی ڈویژن پر لے جائیں۔ ارشد شریف ،اعظم سواتی کیس اور عمران خان کی ایف آئی آر درج نہ ہونے کے 3 واقعات نے پاکستان میں رول آف لا کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کمزور جج اور اپنی ذات میں محدود اشرافیہ پتلیوں کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں، واضح ہو چکا کہ کس طرح ہمارا نظام ہاتھ باندھ کر طاقتور لوگوں کے سامنے کھڑا ہوتا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی مدت 3 سال کرنا احمقانہ بات ہے، ہمیں صوبائی حکومتوں کو ری اسٹرکچر کرنا چاہیے، صوبائی اسمبلیاں ختم کرکے ڈویژن لیول پر اسمبلی بنانی چاہیے، ڈویژنل اسمبلیوں کے انتخابات 3 سال بعد ہونے چاہئیں، ہائیکورٹ بھی ڈویژن پر لے جائیں اور جوڈیشل سروس آف پاکستان بنائیں۔


