وزیر اعظم سمیت ان کے وزراء بھی کسی اور کے بھرتی کئے ہوئے ہیں، پلوشہ خان
اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سمیت ان کے وزراء بھی کسی اور کے بھرتی کئے ہوئے ہیں وزیر اعظم عمران کان کی جانب سے اپنے وزراء کی وجہ سے پریشان رہنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ جس طرح وہ خود سلیکٹڈ ہیں اس طرح ان کے وزراء بھی کسی اور کے بھرتی کئے ہوئے ہیں اس لئے عمران خان کو چاہیے کہ اپنی نالائقی کا اقرار کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں۔ ان کے مستعفی ہونے سے عوام کو نالائق وزراء سے بھی نجات مل جائے گی۔ پلوشہ خان نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان سے لے کر شیخ رشید تک ایسے کردار ہیں جن سے عوام کو گھن آتی ہے جبکہ مراد سعید اور چوہان جیسے وزراء مسخرہ پن کرکے خود ہی اپنی حکومت کو شرمندہ کرتے رہتے ہیں۔ پلوشہ خان نے کہا کہ جب وزیراعظم بنی گالہ کے پہاڑ میں گم ہو جائیں تو وزراء کوہسار مارکیٹ میں دکانداری کرتے ہی نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا سلیکٹڈ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ان کے وزراء کوہسار مارکیٹ کی بجائے چڑیا گھر میں نظر آئیں۔پلوشہ خان نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ انہیں صبح کو موبائل فون دیکھنے کے بعد انہیں مسائل کا پتہ چلتا ہے تو سوال یہ ہے کہ کیا وزیراعظم ہوش میں نہیں رہتے؟۔