کچھ شرپسند اپنے سیاسی عزائم کیلئے ہماری عورتوں کو ڈھال کی طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں، ضیا لانگو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) گوادر میں جاری احتجاج سے متعلق صوبائی وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے ویڈیو بیا ن جاری کر دیا، جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ گوادر میں حق دو تحریک کے احتجاج کے حوالے سے حکومت بلوچستان نے باربار مزاکرت کئے، صوبائی حکومت نے وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں حق دوتحریک کے تمام مطالبات تسلیم کئے ہیں اس کے باوجود گزشتہ روز حق دو تحریک کے مشتعل افراد نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ، جب مشتعل افرادکی جانب سے شرپسندی کی جائے گی تو قانون بھی حرکت میں آئے گا، اور جب بھی ان کے خلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے تو شرپسند عناصر خواتین کو ڈھال بنا کر استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں ، انھوں نے مزید کہا کہ حکومت جب سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے شرپسندوں کو گرفتار کرنے جاتی ہے تو وہ خواتین کو گھروں سے نکال دیتے ہیں،گوادر کی خواتین پر باشعور ہے اور انہیں حالات کی سنجیدگی کا ادارک ہے۔ صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر میں خواتین پر تشدد،لاٹھی چارج اورانکی گرفتاریوں سے متعلق بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں، مشتعل افراد اپنی سیاسی ساکھ اور جھوٹی شہرت حاصل کرنےکیلئے ہماری خواتین کو ڈھال بنا کر استعمال کرتے ہیں ، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو گی ۔


