کوئٹہ میں ایک شخص قتل،بولان ٹریفک حادثے میں 2 افراد زخمی، مستونگ میں مسافر وین میں آتشزدگی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں ایک شخص قتل، دو افراد زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص صمد خان کو قتل کردیا۔ اور فرار ہوگئے واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردی۔نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی گئی۔ مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔ علاوہ ازیں بولان کے علاقے میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مٹھڑی کے علاقے میں مین ہائی وے پر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد محمد عثمان اور زین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔دریں اثناء مستونگ میں مسافر ویگن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی مسافروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مستونگ کے علاقے میں اندرون صوبہ جانے والے مسافر ویگن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ڈیوٹی پر مامور انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویگن میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں