لگتا ہے میرے علاوہ اس شہر میں سب معصوم ہیں ٗعثمان بزدار

لاہور(صباح نیوز)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لگتا ہے میرے علاوہ اس شہر میں سب معصوم ہیں، بس گناہ گار میں ہی ہوں۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ کوئی ناجائز کام نہیں کیا، پہلے بھی کہا تھا عدالتوں سے انصاف ملے گا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران عثمان بزدار سے نیب سے ملنے والی کلین چٹ کا سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص مہربانی ہے کہ کبھی کوئی ناجائز کام نہیں کیا، پہلے بھی کہا تھا عدالتوں سے انصاف ملے گا۔عثمان بزدار سے سوال کیا گیا کہ عمران خان کے علاوہ سب آپ پر کرپشن اور نااہلی کا الزام لگاتے ہیں، اس پر وہ کیا سوچتے ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا کہ شہر میں سب معصوم ہیں، بس گناہ گار میں ہی ہوں، لگتا ہے میرا علاوہ اس شہر میں سب معصوم ہیں لیکن وقت ثابت کر ے گا، اللہ نے یہاں سرخرو کیا اور آگے بھی کرے گا۔نیب میں انکوائری کس کی ایما پر شروع کی گئی کے سوال پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے بہت سارے دوست ہیں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ قبل ازیں سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار احتساب عدالت لاہور میں شراب لائسنس اجرا سے متعلق کیس میں عدالت پیش ہوئے۔وکیل عثمان بزدار نے کہا کہ شراب لائسنس انکوائری سے متعلق نیب جواب جمع کروا چکا ہے، نیب کی انکوائری بند کرنے کی یقین دہانی پر درخواست واپس لے لی تھی۔نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ عثمان بزدار کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی سفارش بھیج چکے ہیں، عثمان بزدار کیخلاف ابھی گرفتاری مطلوب نہیں۔بعدازاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ضمانت میں توسیع کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں