بی اے پی کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، پارٹی چھوڑ کر جانیوالوں کو روکا نہیں جاسکتا، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام کی پارٹی ہے اور اپنے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ گزشتہ روز اخبارات میں شائع ہونے والا بیان مختلف اخبارات میں مختلف سرخیوں کے ساتھ چھاپا گیا اور اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پڑھا اور سمجھا گیا جب کہ حقیقت یہ ہے کہ بیان میں کسی کی دل آزاری نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام کی پارٹی ہے اور پارٹی کے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔بی اے پی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو روکا نہیں جاسکتا کیونکہ سب کو بنیادی حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام میں مقبول ترین پارٹی ہے اور لوگ پارٹی میں تیزی سے شامل ہو رہے ہیں اور بہت جلد اہم شخصیات بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔پارٹی کی مقبولیت کا واضح ثبوت یہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد بلوچستان میں تیز رفتار ترقی کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے جس کی بدولت بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے باب کھلے اور تیز رفتار ترقی کا نیا دور شروع ہوا اور بلوچستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ یہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور کی قیادت میں بلوچستان کی تیز رفتار ترقی و خوشحالی کا سلسلہ جاری ہے اور یہ بی اے پی حکومت کا ہی کارنامہ ہے کہ گوادر پورٹ فعال ہوئی اور سی پیک پر ایک مرتبہ پھر تیز ی سے کام جاری ہے جو کہ آئندہ کچھ عرصے میں پایہ تکمیل پا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مکمل ہونے سے بلوچستان میں نئے دور کا آغاز ہوگاجس کے مثبت اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں اور مستقبل قریب میں یہ منصوبہ صوبہ کی خوشحالی و ترقی کا اہم سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ریکوڈک منصوبہ کا معاہدہ صوبے کے مفادات میں ہے اور اس منصوبے سے بلوچستان کو جو حصہ ملے گا وہ یہاں کے عوام کے لئے خوشحال مستقبل کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بی اے پی کے کارکنان پارٹی کا اثاثہ و سرمایہ ہیں جن کی پارٹی کے لئے خدمات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہابلوچستان عوامی پارٹی آئندہ الیکشن میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور صوبے میں ایک مرتبہ پھر حکومت سازی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں