وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے رہنماؤں کی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سیکرٹریٹ آمد، نئے عہدیداروں کے انتخاب پر مبارکباد

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ اور وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے مرکزی سیکرٹیریٹ آکر پارٹی کے مرکزی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کو مرکزی کانگریس کے انعقاد اور نئے عہدیداروں کے انتخاب پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید قادر آغا، مرکزی سیکرٹری سردار گل مرجان کبزئی، غلام صدیق اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس دوران ملک میں جاری سیاسی صورتحال، پشتون بلوچ محکومی، دونوں برادر اقوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش اور خصوصی طور پر بلوچ و پشتون مسنگ پرسنز کے مسائل پر گفتگو ہوئی اور اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ ہمارا دشمن ایک ہے اور ہم نے ملکر اس مشترکہ دشمن کیخلاف جدوجہد کرنا ہے اور پشتون بلوچ اقوام کے درمیان سازش پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام کرنا ہے۔ ملاقات میں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ اس وقت انسانی حقوق کے تحفظ کا ایک اہم مسئلہ بن گیا ہے اور اس مسئلہ سے مزید چشم پوشی اختیار کرنا ناممکن اور ہمارے غیور عوام کے لئے ناقابل قبول ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پشتون و بلوچ برادر اقوام کے جملہ حقوق بالخصوص مسنگ پرسنز کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں