بلوچستان میں کسٹم چیک پوسٹوں کو بارڈر تک محدود کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، چیف کلکٹر

کوئٹہ (انتخاب نیوز) چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان عبدالقادر میمن نے کہا ہے کہ قانونی تجارت کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ بلوچستان کی کسٹم ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو بلاجواز روکنے،کسٹم چیک پوسٹوں کو بارڈرز تک محدود کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا کے ساتھ اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا نے چیف کلکٹر کسٹم کو بتایا کہ بلوچستان کے لوگوں کے پاس روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہے کیونکہ اس وقت صوبے میں زراعت،گلہ بانی جیسے شعبہ جات بھی زبوں حالی کا شکار ہے بلوچستان کے لوگوں کی ایک کثیر تعداد بارڈر ٹریڈ سے بلواسطہ یا بلا واسطہ منسلک ہیں مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ بلوچستان کی کسٹم ڈیوٹی پیڈ مال بردار گاڑیوں کو ملک کے دیگر صوبوں میں روک کر بے جا تنگ کیا جاتا ہے جو قانونی تجارت پر قدغن کے مترادف ہے،انہوں نے چیف کلکٹر کسٹم سے استدعا کی کہ وہ قانونی تجارت سے وابستہ افراد کیلئے سہولیات کی فراہمی میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کا ساتھ دے۔اس موقع پر چیف کلکٹر کسٹم غلام قادر میمن نے کہا کہ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ صوبے میں قانونی تجارت کی راہ میں روڑے اٹکائے یا پھر بلوچستان کی کسٹم ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو بلاجواز روکے ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے کہا کہ کسٹم چیک پوسٹوں کو بارڈرز تک محدود کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان میں قانونی تجارت سے وابستہ افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے ہم قانونی تجارت کے فروغ کیلئے صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا ہر ممکن ساتھ دیں گے آخر میں چیف کلکٹر کسٹم نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی کو شیلڈ پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں