صوبائی حکومت دوردراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشان ہے،صوبائی وزیر تعلیم

پنجگور (این این آئی)صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہاہے کہ صوبائی حکومت دوردراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشان ہے پنجگور میں دانش سکول قائم کرکے سرحدی علاقہ پروم کے ہائی سکول کو اپ گریڈ کرکے ہائیر سیکنڈری کا درجہ دلانے کا اعلان کرتا ہوں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پنجگور کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثر سکولوں کی مرمت کے لیے بی آر ایس پی اور یونیسف کا ادارہ تعاوں کررہے ہیں اور بہت جلد سکولوں کی بحالی ومرمت کے کام ٹینڈر ہونگے انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی کی ضامن ہے صوبائی حکومت نے بلوچستان بھر میں مڈل اور ہائی سکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے تاکہ دوردراز کے رہنے والے بچے اور بچیاں تعلیمی سہولتوں سے استفادہ کرکے ایک بہتر مستقبل کی طرف راغب ہوکر اپنے کل کو محفوظ بناسکیں انہوں نے کہا کہ پروم ہائی سکول کو اپ گریڈ کرنے کا مقصد وہاں کے بچوں کو مقامی سطح پر تعلیمی مواقعے فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ پنجگور میں ایک دانش سکول قائم کرنے جارہے ہیں صوبائی وزیر زراعت میراسداللہ بلوچ پنجگور کی مجموعی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں دورہ پنجگور پر یہاں کے عوام نے جو عزت بخشی ہے میں انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اس موقعے پر سکریٹری ایجوکیشن عبدالروف بلوچ بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں