لاپتہ افراد کامعاملہ ایک انسانی مسئلہ ہے جسے ہمیں سیاست سے دور رکھنا ہوگا،ضیااللہ لانگو
کوئٹہ (انتخاب نیوز)صوبائی وزیرداخلہ میرضیااللہ لانگو حکومت لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھارہی ہے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں لاپتہ افراد سے متعلق حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے نمائندوں پر مشتمل میری سربراہی میں کمیشن قائم کیا گیا ہے ہم مسنگ پرسن کی بازیابی کے لئے اسمبلی فلور، جلسے جلوس، سیمینارز سمیت ہر فورم پر آواز اٹھاتے ہوئے اپنا موقف پیش کررہے ہیں۔ اور ہماری کوشش ہے کہ کمیشن کے تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اس مسئلے کو جلد سے جلد ممکن بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کامعاملہ ایک انسانی مسئلہ ہے جسے ہمیں سیاست سے دور رکھنا ہوگا،اوراس کے حل کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں لاپتہ افرادسے متعلق کمیشن قائم کیا ہے، جس کا مقصد اس فورم سے مسئلے کو حل کرنا ہے ہمیں امیدہے کہ اپوزیشن جماعتیں بھی اس کمیشن میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی، دونوں کمیشن انتہائی اہم کام کررہے ہیں اس میں کسی قسم کی کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے،بلوچستان حکومت کی جانب سے کمیشن میں دو حکومتی اور دو اپوزیشن ارکان اسمبلی کو شامل کیا گیا ہے،گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں چار ارکان اسمبلی شامل تھے ایک رکن موجود نہیں تھا،ہم لاپتہ افراد کے لئے اسمبلی فلور جلسے جلسوں اور سمینارز میں آواز تو اٹھاتے ہیں اس کمیشن میں رہتے ہوئے ہم عملی کام کرسکتے ہیں،تمام ریاستی ادارے بھی اس میں ہمارے ساتھ آن بورڈ ہیں،ہمارا فیصلہ ہے کہ اس کمیشن کے اجلاس متواتر منعقد کرکے اس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاسکیں۔


