الیکشن کمیشن نے جن سیٹوں کے استعفے منظور کئے ہیں ان پر عمران خان ہی انتخابات لڑیں گے، اسد عمر
اسلام آباد(انتخاب نیوز)سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جن 35سیٹوں کے استعفے منظور کئے ہیں ان پر عمران خان ہی انتخابات لڑیں گے، اگر سپیکر صاحب یہ پیغام سن رہے ہیں تو 35سے کام نہیں بنے گا باقی تمام استعفے بھی قبول کرلیں، ہم اسمبلی کی قانونی کارروائی میں حصہ لینے نہیں جا رہے ہیں، ہم اسمبلی میں جنرل الیکشن کیلئے جا رہے ہیں۔منگل کو سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے استعفوں کے معاملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مخصوص اور سینئر لیڈرشپ کے استعفے منظور کرنے کے پیچھے حکومت کیگھبراہٹ ہے کیونکہ انہوں نے اس سوچ پر استعفے منظور کئے کہ کہیں ہماری حکومت نہ گر جائے، اعتماد کا ووٹ شہباز شریف نے لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں تو ان کی سینئر لیڈر شپ کو ادھر الیکشن میں مصروف کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر ہم نے اسپیکر کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا ہوا ہے، اسپیکر ایک ہی وقت اور ایک ہی طریقے سے دیئے گئے استعفوں میں سے اپنی مرضی کے استعفے منظور نہیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے باقی تمام ارکان اسمبلی میں جائیں گے، الیکشن کمیشن نے جن 35سیٹوں کے استعفے منظور کئے ہیں ان پر عمران خان ہی انتخابات لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ 35 سیٹوں پر پی ڈی ایم الیکشن میں حصہ لے یا نہ لے، ہم دوبارہ جیت جائیں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ اگر سپیکر صاحب یہ پیغام سن رہے ہیں تو 35سے کام نہیں بنے گا باقی تمام استعفے بھی قبول کرلیں، ہم اسمبلی کی قانونی کارروائی میں حصہ لینے نہیں جا رہے ہیں، ہم اسمبلی میں جنرل الیکشن کیلئے جا رہے ہیں۔


