کوئٹہ میں تحفظ حقوق اطفال کے زیر اہتمام بچوں کی ملازمت ایکٹ پر سیمینار کا انعقاد
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال کے زیر اہتمام کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں بلوچستان میں بچوں کی امپلوئمنٹ (پروہبیشن اینڈ ریگولیش) ایکٹ 2021ءکی ڈرافٹ پر مشاورتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں بچوں کی ملازمت کے ایکٹ 2021ءکے مختلف شقوں پر شرکاءکو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور شرکاءسے اس ایکٹ کے بارے میں رائے حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ بچوں کی ایکٹ 2021 کو اوربہتر بنایا جاسکے اور یہ بچوں کے لیے مزدوری کے حوالے سے مفید ثابت ہو۔ سیمینار میں سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندے کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ، چیئرپرسن این سی آر سی افشاں تحسین، ہاشم کاکڑ ممبر بلوچستان این سی آر سی،خورشید بروچہ، طارق قمر سیکرٹری لیبر اینڈ مین پاور، عطاءمصطفی سینیئر لیگل ایڈوائزر این سی آر سی، شوکت علی ایڈیشنل سیکرٹری لیبر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں محمد ظاہر ڈائریکٹر لیبر اینڈ مین پاور نے شرکاءکو بچوں کی ایکٹ 2021ءکے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں چیئر پرسن این سی آر سی نے شرکاءکا شکریہ اداکیا اور باور کروایا کہ انھیں بچوں کے ایکٹ 2021 کے بارے میں جو فیڈ بیک ملا ہے کوشش ہوگی کہ انھیں اس ایکٹ کا حصہ بنایا جائے۔ اس موقع پر شرکاءمیں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔


