عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، پرویز اور میرے درمیان معاملہ خط سے خراب ہوا، چودھری شجاعت
لاہور (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ق)کے صدر اور سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام جماعتیں معاشی بحالی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر مل بیٹھ کر فیصلے کریں اور مشترکہ کانفرنس کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان کریں۔لاہور سے جاری اپنے بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ابھی تو انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، عام انتخابات بھی وقت پر ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ تمام جماعتیں معاشی بحالی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پربیٹھ کرفیصلے کریں اور معاشی بحالی کی مشترکہ کانفرنس کی سربراہی چیف جسٹس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں ہے، چاہتاہوں کہ پرویزالٰہی مسلم لیگ ق ہی میں رہیں، شوکاز نوٹسز صرف ان کے غلط اقدام کو روکنے کےلئے دیئے گئے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میرے اور پرویزالٰہی کے درمیان معاملہ ایم پی ایز کے متعلق خط سے خراب ہوا، مجھے پرویزالٰہی نے بہت کہا کہ خط واپس لے لیں مگر میں نے کہا کہ یہ ناممکن ہے۔صدر ق لیگ نے کہا کہ ان کی چوہدری پرویز الٰہی سے بات اس حد تک جا پہنچی کہ گھر کے اندر تقسیم کے لئے دیوار بنانے کی باتیں ہونے لگیں۔ میں نے کہا ایسی دیوارتومیں نہیں بننے دوں گا،دیوار بنانے کا مقصد عمران خان کو یقین دلانا تھا کہ ہم علیحدہ ہیں۔


