باجوہ ڈیٹا لیک کیس، تینوں ملزمان کا زبردستی 164 کا بیان ریکارڈ کرنے کا الزام عائد

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کی فیملی کے ڈیٹا لیک کیس میں تینوں گرفتار ملزمان نے زبردستی164کا بیان ریکارڈ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے زبردستی انگوٹھے لگوائے گئے۔جمعہ کو اڈیالہ جیل سے تینوں ملزمان کو اسلام کچہری میں پیش کیا گیا۔کچہری میں جب پہلی بار ملزمان کو پیش کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ہم بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، ملزمان نے کہاکہ164کا ان کا بیان زبردستی لیا گیا اور اس پر زبردستی دستخط کرائے گئے اور انگوٹھے لگوائے گئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے آئندہ سماعت تک ایس ایچ او کو چالان جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں لکھاکہ ملزمان کے وکلاء نے کہاکہ22دسمبر کا ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا جو مکمل ہونے پر24دسمبر کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت کے مطابق بعد میں بتایا گیاکہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164کا بیان قلم بند کروایا گیا جوڈیشل ہونے کے بعد6جنوری کو دوبارہ ملزمان کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔عدالت نے اپنے تحریری آرڈر میں لکھاکہ173کی چالان رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی، ایس ایچ او3فروری تک چالان جمع کرائے ورنہ پیش ہو کر وضاحت کرے۔واضح رہے کہ ایف بی آر ملازمین شہزاد نیاز، ارشد علی اور عدیل اشرف گرفتار ملزمان میں شامل ہیں، ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ قائم کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں