شارٹ سرکٹ کے باعث پارلیمنٹ کے دفاتر تین روز کیلئے بند، اجلاس بھی ملتوی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) شارٹ سرکٹ کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے تمام دفاتر تین دن کیلئے بند کر دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی ہدایات کے مطابق پیر کو ہونے والا اجلاس 26 جنوری تک ملتوی کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق رات گئے ہونے والے اس واقعہ کے بعد قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔پارلیمنٹ سیکرٹریٹ کے مطابق عمارت میں چند مقامات پر برقی چنگاریوں کے بعد کچھ تاروں کا نقصان پہنچا، سیکرٹریٹ کے تمام عملے کو جمعرات تک گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس جمعرات تک بند رہے گا اور اس دوران متعلقہ عملہ تمام وائرنگ اور تنصیبات کا تفصیلی معائنہ اور مرمت کرے گا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے تمام دفاتر کی چیکنگ کی جائے گی، متعلقہ سیکریٹریز کو اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


