حکمران پشتونخوا وطن میں تخریب کاری کے نام پر ڈالر بٹور نے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، خوشحال خان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ اور شریک چیئرمین مختار خان یوسفزئی نے اپنے مشترکہ بیان میں پشاور کے پولیس لائن جامعہ مسجد میں حالیہ تخریب کاری کے واقعے کیخلاف پشتونخوا میپ کے زیر اہتمام 2 فروری کو پورے ملک میں مظاہرے اور جلسے منعقد کئے جائینگے۔ تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے وہ مظاہروں کی بھر پور تیاری کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے استعماری حکمرانوں اور بلخصوص جرنل ضیا کے فوجی آمریت سے لیکر اب تک جس تخریب کاری کی پالیسی کو اپنایا گیا ہے اب بھی اس پر عمل درآمد جاری ہے جس نے آج ملک کوسیاسی، معاشی، اقتصادی بحران کے ساتھ ساتھ امن وامان کے شدیدخطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ ریاست عرصہ دراز سے تخریب کاروں کے نیٹ ورک کے قیام، انکی تربیت اور پشت پناہی میں سرگرمی کے ساتھ ملوث رہا ہے اور تخریب کاری کو ایک آلہ کے طور پر استعمال کرکے اپنے عوام کو خوفزدہ، محکوم قوموں کی جمہوری حقوق کو سلب اور افغانستا ن میں مسلح جاریت و مداخلت کی پالیسی کو دوام دیکر آج ملک اور پشتونخوا وطن کو تخریب کاری کے بین القوامی اڈے میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس تخریب کاری کی پالیسی نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے۔ اس پالیسی کے تسلسل میں حقوق کیلئے اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرنے حتی ٰکہ اپنے عوام خصوصا پشتون افغان اور بلوچ قوم کی قتل و غارت گری سے بھی دریغ نہیں کیا ہے۔ پشتونخوا وطن کو ایک دفعہ پھر خون سے نہلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ اس معاشی اور اقتصادی بحران میں تخریب کاری کے نام پر ڈالر بٹور سکیں اور پشاور میں حالیہ بم دھماکہ اس مذموم منصوبے کی ایک کڑی ہے۔ جس کو پاکستان کے عوام اور خصوصا پشتون افغان بخوبی سمجھ چکے ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اپنے غیور ملت اور قومی جمہوری پارٹیوں کے ساتھ ملکر اس منصوبے کو ناکام بنائے گی اور عوام کو تخریب کاری جیسے ناسور سے نجات دلانے کے لئے بھرپور جدوجہد کرے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رہنماوں کی ہدایت کے مطابق پورے ملک میں تخریب کاری کے خلاف مظاہرے اور جلسے ہونگے جس میں عوام کو ریاستی پالیسیوں اور ریاستی سربراہی میں تخریب کاری کے مضمرات سے آگاہ کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں