پشتونخوا وطن میں جعلی تخریب کاری کی آڑ میں ہر قسم کے آپریشن کی مخالفت کرتے ہیں، پشتونخوا میپ

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کے زیرصدارت پارٹی کے مرکزی اور صوبائی ایگزیکٹیوز (جنوبی پشتونخوا )کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے تنظیمی سمیت مختلف نکات پر سیر حاصل بحث کی گئی اور فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کے ضلعی ، علاقائی اور ابتدائی یونٹوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارٹی کے تنظیمی اداروں کی فعالیت سمیت پارٹی کے تمام فیصلوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔ بیان میں پشاور پولیس لائن کے جامعہ مسجد میں المناک دھماکے میں جاں بحق پولیس آفیسروں، سپاہیوں اور اہلکاروں سمیت عام لوگوں کے اموات پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ دھماکے کے متعلق کہا گیا ہے کہ اسطرح کے واقعات کا بنیادی مقصد شعوری منصوبہ بندی کے ذریعے پولیس فورس کے مورال کی حوصلہ شکنی کرنے کے ساتھ ساتھ عوام پر وحشت اور خوف وہراس مسلط کرنا ہے اور سول اتھارٹی کی ناکامی کا شوشہ چھوڑ کر ان کے اختیارات کو سلب کرنا ہے۔ پشتونخوا وطن میں جعلی تخریب کاری کی آڑ میں ہر قسم کے ملٹری آپریشن کی مخالفت کرتے ہوئے سول اتھارٹی کو بحال کرنے، سول مسلح فورسز کو مکمل اختیارات دینے، انہیں ضرورت کے مطابق تمام وسائل فراہم کرنے اور ان کے ذریعے تخریب کاروں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس کے بیان میں گزشتہ ہفتے بیلہ کے نزدیک سواری بس کے حادثے اور اس میں لگنے والے آگ کے باعث 42 سے زائد افراد کی اموات پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کو مالی معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں گزشتہ روز لاہور شہر میں کسٹم حکام کی جانب سے ٹائروں کا کاروبار کرنے والے تاجروں کے دکانوں اور سٹوروں پر غیر قانونی چھاپے مارنے، انہیں گرفتار کرکے تشدد کرنے اور انکے خلاف ایف آئی ار درج کرنے کے عوام دشمن اقدام کی بھر پور مذمت کی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور اس دو قومی صوبے کے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ دوسرے صوبوں خصوصا لاہور میں کسٹم حکام کے غیر قانونی اور عوام دشمن اقدام کا نوٹس لیں اور تحویل میں لیے گئے ٹائروں سمیت تمام گرفتار تاجروں کو فوری رہا کرکے ان کے خلاف بنائے گئے مقدمات ختم کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں