سوراب، مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ، جے یوآئی کے رہنما محمد یوسف شاکر زخمی

سوراب (این این آئی) سوراب میں نا معلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ جے یوآئی کے رہنما ءمحمد یوسف شاکر شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام 8 بجے کے قریب سوراب بازار لنک روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے جے یوآئی کے مقامی رہنما محمد یوسف شاکر میروانی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد یوسف شاکر تین گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ۔ زخمی کو فوری طورپر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جاتی ہے۔واقعہ کی اطلاع جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگ بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے ۔ واضح رہے کہ علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف عوام میں شدید تشویش اور عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے، اس سے قبل ٹارگٹ کلنگ واقعات کے جاری تسلسل میں حافظ ضیاءالرحمن مینگل شہید جبکہ میر محمد وارث سناڑی اور الطاف حسین مینگل زخمی ہوچکے ہیں ۔ انتظامیہ اور سوراب پولیس واقعات میں ملوث ملزمان اور قاتلوں کی گرفتاری میں تاحال مکمل ناکام ہے ، ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی ہوئی واقعات اور بدامنی کے سبب عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور بے چینی پیدا ہوچکی ہے ۔انہوں نے سوراب پولیس کی ناقص کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے واقعات کے محرکات کا سراغ لگاکر شہر میں امن وامان کے قیام میں ناکام پولیس آفیسران کا تبادلہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں