عبدالرحمن کھیتران قاتل، عوام دشمن اور بدکردار شخص ہے، حکومت پشت پناہی نہ کرے، نیشنل پارٹی

کراچی (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کی مرکزی کال پر این پی سندھ وحدت اور بی ایس او پجار کے زیر اہتمام سندھ وحدت کے جنرل سیکرٹری مجید ساجدی کی قیادت میں بلوچستان کے صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب پر ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنماو¿ں نے کہا کہ عبدالرحمن کھیتران قاتل، عوام دشمن اور بدکردار شخص ہے، اس نے اپنے علاقے میں نجی جیلیں اور عقوبت خانے قائم کیے ہوئے ہیں، جہاں وہ اپنے مخالفین کو قید میں رکھتا ہے اور ان پر تشدد کرتا ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ عبدالرحمن کھیتران کا یہ عمل سراسر غیر قانونی اور ریاست کے اندر ریاست بنانے کے مترادف ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ یہ شخص بلوچستان کی حکومت کا حصہ ہے اور بلوچستان کا وزیر اعلیٰ اس بڑے مجرم کی پشت پناہی کررہا ہے، حال ہی میں عبدالرحمن کھیتران نے ایک بے گناہ خاتون کو اسکے دو بچوں سمیت قتل کیا جس پر پورا بلوچستان سراپا احتجاج ہے لیکن حکومت بلوچستان اس قتل وغارت گری پر خاموش اور تماشائی بنی ہوئی ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ نیشنل پارٹی وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کو پابند کرے وہ مجرموں کی پشت پناہی بند کرے اور قاتل عبدالرحمن کھیتران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرکے اسے قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ مظاہرے میں نیشنل پارٹی بلوچستان کے ترجمان علی احمد لانگو، سوشل میڈیا سیکرٹری سعد بلوچ، مرکزی لیبر سیکرٹری مرزا مقصود، شاہنیہ رمضان، حمید انجینئر، رمضان میمن سمیت دیگر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں