اراکین بلوچستان اسمبلی کی پاور ڈویژن اجلاس میں شرکت، 2022ءتک کے بجلی معاف کرنے کا مطالبہ
کوئٹہ، اسلام آباد (این این آئی) ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی سربراہی میں اسپیشل کمیٹی میںاراکین بلوچستان نے کہا ہے کہ بجلی فراہمی میں بہتری اور سیلاب کے تناظر میں دسمبر 2022ءتک کے بجلی بل معاف کیے جائیں۔ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کی سربراہی میں اسپیشل کمیٹی کا پاور ڈویژن میں اجلاس وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کو بلوچستان کے توانائی اور گیس شعبے کے مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل یقینی بنائیں گے۔ اراکین بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ بجلی فراہمی میں بہتری اور سیلاب کے تناظر میں دسمبر 2022ءتک کے بجلی بل معاف کیے جائیں۔ وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ بلوچستان کے نمائندوں کی سفارشات وزیراعظم کے سامنے رکھی جائیں گے، بجلی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے خرم دستگیر کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، چیئرمین نیپرا، وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی، وفاقی سیکرٹری پاور، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پیٹرولیم، بلوچستان اسمبلی کے اراکین و صوبائی وزرا، اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی، سیکرٹری بلوچستان انرجی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


