سندھ سے کوئٹہ چینی سپلائی کرنیوالی گاڑیوں کو بلاجواز روکا جانا قابل مذمت ہے، ایوان صنعت و تجارت

کوئٹہ ; ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی نے محکمہ کسٹم،پولیس اور لیویز کی جانب سے چینی بردار گاڑیوں کو بلا جواز روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے غیر قانونی اقدام پر کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع تک چینی لیکر جانے والی گاڑیوں کو بلاجواز روکنے والے آفیسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزآل بلوچستان شوگر ایسوسی ایشن کے صدر سید عبدالرحمن شاہ و دیگر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران آل بلوچستان شوگر ایسوسی ایشن کے صدر و دیگر عہدیداران نے بتایا کہ محکمہ کسٹم،پولیس اور لیویز کی جانب سے سندھ اور نصیر آباد سے کوئٹہ اور صوبے کے مختلف اضلاع کو چینی لیجانے والی ٹرکوں کو غیر قانونی طور پرروکا جا رہا ہے جس کا مقصد اسپیڈ منی وصول کرنے کے سوا کچھ نہیں یہ اقدام ناصرف قانونی تجارت پر قد غن کے مترادف ہے بلکہ اس سے صوبے میں چینی کی طلب اور رسد بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی نے آل بلوچستان شوگر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سندھ اور نصیر آباد سے کوئٹہ اور صوبے کے اضلاع کو چینی سپلائی کرنے والی گاڑیوں کی بلاجواز روکا جانا قابل حیرت و مذمت ہے اس کا مقصد اسپیڈ منی کی وصولی کے سوا کچھ نہیں جس کی ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان چینی کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گی بلکہ ہم ایسا کرنے والے آفیسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان آل بلوچستان شوگر ایسوسی ایشن کے شانہ بشانہ ہے اور کسی کو بھی قانونی تجارت کی راہ میں روڑے اٹکانے نہیں دیا جائے گا بلکہ اس سلسلے میں ہر فورم پر صدائے حق بلند کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں