الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج پر مقدمہ اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی ضمانتیں منظور
اسلام آباد (انتخاب نیوز) انسداد تخریب کاری عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر درج مقدمے اور بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ عمران خان بذریعہ موٹروے اسلام آباد پہنچے۔ کارکنان نے موٹرے وے انٹرچینج پر عمران خان کا استقبال کیا اور قافلے کی صورت میں جوڈیشل کمپلیکس جی الیون پہنچے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد تخریب کاری کی عدالت گراونڈ فلور جبکہ بینکنگ کورٹ سیکنڈ فلور پر ہے۔ عمران خان انسداد تخریب کاری کی عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کا کیس ہے۔ عدالت نے نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 9 مارچ تک ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ بعدازاں عمران خان بینکنگ کورٹ پہنچے جہاں ان کی آمد سے قبل کمرہ عدالت میں اور باہر شدید شور شرابا ہوا۔ بینکنگ کورٹ کی خاتون جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا اور ان کی ضمانت منظور کرلی۔ عمران خان کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر ہزاروں کارکنان عدالت کے باہر جمع ہوگئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے۔ عدالتوں کے باہر اسلام آباد اور پنڈی سمیت خیبر پختون خوا سے بھی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچی۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پہلے ہی دو ملزمان کی ضمانت ہوچکی ہے اس لیے قانونی طور پر عمران خان کی عبوری ضمانت بھی ہونی تھی ان کی اس کیس میں گرفتاری اس وقت نہیں بنتی۔


