کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا نادہندہ صارفین کے بجلی کے کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ

کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا نادہندہ صارفین کے بجلی کے کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ،سرکاری ونجی اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا، بلوچستان مین زرعی صارفین کے ذمہ 383ارب روپے کے بقایاجات جبکہ صوبائی حکومت کے ذمہ تقریباً 44ارب روپے واجب الاداہیں۔کیسکو کے سی ای او عبدالکریم جمالی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ کیسکونے تمام سرکاری ونجی اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کردیاہے جس کے تحت تمام نادہندگان کے بجلی کنکشنزفوری طورپر منقطع کردئیے جا رہے ہیں اوراس سلسلے میں پہلے ہی تمام نادہندگان کو نوٹسز بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں۔کیسکو چیف نے بتایا کہ ماہ جنوری 2023تک کیسکو کے زرعی صارفین کے ذمہ بلوں کی مدمیں بقایاجات 383ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں اسکے علاوہ زرعی سبسڈی کی مدمیں صوبائی حکومت کے زمہ تقریباً 44ارب روپے واجب الاداہیں۔ کیسکو چیف نے بتایا کہ زرعی اور سرکاری صارفین کی جانب سے بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کیسکو کے لئے مالی مسائل پیدا ہو رہے ہیں جسکی وجہ سے نادہندگان بالخصوص زرعی صارفین کے بقایا جات میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ عبدالکریم جمالی نے بتایا کہ کیسکونے سیکریٹری انرجی حکومت بلوچستان سے زرعی سبسڈی کی مدمیں منظورشدہ 750ملین روپے کی ادائیگی کے لئے درخواست کی ہے لیکن تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں