قانونی تجارت کی راہ میں رکاوٹیں نہیں ڈالیں گے، تفتان میں 24 گھنٹے دفتری کام ہوگا، بلوچستان کسٹم
کوئٹہ : کلکٹر کسٹم کوئٹہ آغا سعید احمد اور ایڈیشنل کلکٹر کسٹم فضل صمد نے کہا ہے کہ قانونی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، تجارتی مال بردار گاڑیوں کی جلد کلیئرنس کےلئے تفتان میں دفتری اوقات کار کو 24گھنٹے تک بڑھایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ،سابق صدر عبدالصمد موسی خیل ودیگر نے کلکٹر کسٹم،ایڈیشنل کلکٹر کسٹم اور ڈپٹی کلکٹر کسٹم تفتان کو چیمبر آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی روز اول سے ہی یہ کوشش ہے کہ ملک اور صوبے میں قانونی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے،انہوں نے بتایا کہ تفتان بارڈر پر گاڑیوں کی کلیئرنس میں تاخیر کی وجہ سے ہمیشہ گاڑیوں کی جم غفیر ہوا کرتی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں میں لدا سامان خراب ہونے کا بھی احتمال رہتا ہے اس لئے کلکٹر کسٹم ودیگر تفتان بارڈر پر گاڑیوں کی کلیئرنس کے اوقات کار کو 24 گھنٹے تک بڑھائے تاکہ تجارت پیشہ افراد کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر کلکٹر کسٹم آغا سعید احمد،ایڈیشنل کلکٹر کسٹم کوئٹہ فضل صمد نے کہا کہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں شامل ہیں تجارتی مال بردار گاڑیوں کی جلد کلیئرنس کے لیے تفتان بارڈر پر دفتری اوقات کار کو 24 گھنٹے کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مال بردار گاڑیوں کو جن کے متعلق کلکٹر کسٹم کو مصدقہ اطلاعات ہو اور وہ اسے روکنے کی ہدایت کرے کے سوا کسی بھی مال بردار گاڑی کو نہیں روکا جائے گا انہوں نے کہا کہ دالبندین میں بھی آئندہ مال بردار گاڑیوں کا وزن نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے لیے ہمیشہ سے کھلے ہیں انہیں تجارتی معاملات میں جن مشکلات کا بھی سامنا ہو وہ آکربتائے انہیں حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی نے کلکٹر کسٹم آغا سعید احمد ودیگر کو یادگاری شیلڈز پیش کئے۔


