وزیر اعلی بلوچستان کا آواران واقعے پراظہار افسوس ، متاثرہ خاندان کی معاونت کی ہدایت
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے آواران میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کہا ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کی آمد و رفت کو محفوظ بنایا جائے۔ ہفتہ کو اپنے جا ری کر دہ ایک تعزیت بیان میں انہوں نے آواران میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آواران کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کی بھرپور معاونت کی جائے بارشوں اور سیلابی ریلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کی آمد و رفت کو محفوظ بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے موسمی صورتحال کی پیش گوئی کے مطابق ٹریول ایڈوائزری جاری کی جائے بارشوں اور سیلابی ریلوں کے خدشات کو سامنے رکھتے ہوئے سفر کرنے والے لوگوں کی رہنمائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی پی ڈی ایم اے تمام ڈپٹی کمشنر وں کو موسم کی شدت سے متعلق بروقت آگاہی فراہم کرے احتیاطی تدابیر کے زریعہ ناخوش گوار حادثات سے بچاؤ ممکن ہے۔


