سارونہ میں مردم شماری کی آڑ میں فورسز کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، اسلم بھوتانی

حب (نمائندہ انتخاب) شاہ نورانی سارونہ واقعہ پر ایم این اے اسلم بھوتانی کا قومی اسمبلی میں احتجاج، فورسز کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے شخص کیخلاف کارروائی کا مطالبہ۔ بی این پی مینگل کے سربراہ ایم این اے سردار اختر مینگل کے حلقہ انتخاب درگاہ شاہ نورانی سارونہ میں گزشتہ روز ہونے والے واقعے کے حوالے سے لسبیلہ، گوادر، حب سے ممبر قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہاکہ مردم شماری کی آڑ میں سارونہ کے علاقہ میں فورسز کی جانب سے لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہاں پر ایک شخص جوکہ خود کوحساس اداروں کا کارندہ ظاہر کرکے لوگوں کو ہراساں کرتا ہے۔ ایم این اے اسلم بھوتانی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس بارے میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے بات کریں اور معاملے کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس متعلق انکی متعلقہ اداروں کے بالا افسران سے بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارونہ میں لوگوں میں مذکورہ واقعے کے بارے میں کافی تشویش اور اشتعال پایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں