ہمارے پل محفوظ ہیں، کوئٹہ سے بند تمام ٹرینیں جلد چلائی جائیںگی، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے کوئٹہ سے ملک کے دیگر صوبوں سمیت پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کی کوئٹہ سے بحالی مسافروں کیلئے خوش آئند ہے ، گزشتہ 7ماہ سے ہرک ریلوے پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ٹرین کی سروس کوئٹہ سے بند تھی ، پل کی دوبارہ تعمیر کے بعد آج سے ٹرین کی سروس بحال کر دی گئی ہے یہ بات انہوں نے ڈی ایس ریلوے کوئٹہ فرید احمد کے ہمراہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس کے افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا یاد رہے کہ ہرک ریلوے پل گزشتہ سال مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا اور کوئٹہ کا ٹرین کے ذریعے ملک کے دیگر صوبوں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں این ایل سی نے دن رات کام کرکے بولان میں گزشتہ سال مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب سے بولان کے دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں مہندم تاریخی ریلوے ہرک پل 221 کو دوبارہ گزشتہ دنوں این ایل سی نے7ماہ کے عرصے میں65 کروڑ سے زائد کی لاگت سے دوبارہ بنا کر کوئٹہ سے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے لیے ٹرینوں کی آمدورفت کےلئے کھول دیا۔جبکہ اس سے پہلے کوئٹہ سے مسافر بذریعہ کوچز مچھ ریلوے اسٹیشن سے ملک کے دیگر صوبوں کے لئے جاتے تھے۔ 9 بوگیوں پر مشتمل جعفر ایکسپریس تقریبا 850 سے زائدمسافروں کو لے کر پشاور کیلئے روانہ ہوگئی۔ڈی ایس ریلوے کوئٹہ فرید احمد نے کہا ہے کہ گرنے والے پل کا ڈیزائن 4نومبر کوفائنل ہوا تھا این ایل سی نے دن رات محنت کر کے پل کی تعمیر یقینی بنائی ہے بلوچستان سے پاکستان کے دیگر صوبوں اور شہروں کو جانےو الی بند ٹرینیں بہت جلد چلائی جائیں گی ، ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا ایک اپنا مینٹینس سسٹم ہے ،ہمارے پل محفوظ ہیں، اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کوئٹہ سے پشاور جانےوالی جعفر ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا اور اسے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا۔


