صوبے میں گندم، یوریا، چینی، آٹا کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں ،چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ:صوبائی حکومت صوبے میں گندم، یوریا، چینی، آٹا کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ چینی، یوریا کی اسمگلنگ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے جمعرات کو پراونشل ٹاسک فورس برائے انسداد اسمگلنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ صالح محمد ناصر، سیکرٹری انڈسٹریز محمد اکبر حریفال، سیکرٹری خوراک مجیب الرحمٰن پانیزئی، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمٰن بلوچ جبکہ کسٹم کے نمائندے، ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملک و صوبے کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم، یوریا، چینی، آٹا کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔اشیا? ضروریہ کی قیمتوں میں فرق اسمگلنگ کی وجہ بنتی ہے، اسمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف جوائنٹ چیک پوسٹوں (پداگ، لانڈھی، دالی، جنگیان، ڈیرہ اللہ یار ٹول پلازہ، گڑنگ، شیخ واصل، پنجپائی، اور گلنگور) پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف سی، کسٹم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے موجود ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں