نواب اکبر بگٹی کی شہادت کی طرح 9 مئی کے واقعہ کو بھی کبھی نہیں بھلایا جاسکتا، اسلم بھوتانی
اسلام آباد (این این آئی) اراکین قومی اسمبلی نے ایک بار پھر نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھوک کے حساب سے ضمانتیں دی جارہی ہیں، ملزمان کو سزائیں نہ ہوئیں تو چھوٹے صوبوں میں تشویش پیدا ہوگی، جب تک سازشیں کرنے والے بے نقاب نہیں ہوتے اس وقت تک 9 مئی جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے، 2017 کے کرداروں کو بے نقاب کرنے کامعاملہ انکوائری کمیٹی کے سپردکیا جائے۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ایک گھنٹہ پینتالیس منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسلم بھوتانی نے کہاکہ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ،یہ واقعہ کسی بلوچ یا سندھی نے نہیں کیا جس کو پروان چڑھایا اسی نے کیا۔ انہوںنے کہاکہ 9مئی کے واقعہ کو نواب اکبر بگٹی کی شہادت کی طرح کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔انہوںنے کہاکہ نو مئی اپنے ساتھ کئی سوالات بھی چھوڑ گیا ،9مئی کے واقعات سندھ سے بلوچستان میں ہوتے تو طاقت کا استعمال ہوتا ،سینے چھلنی ہوتے۔ انہوںنے کہاکہ 9مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہیں انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ تھوک کے حساب سے ضمانتیں دی جارہی ہیں،ملزمان کو سزائین نہ ہوئیں تو چھوٍٹے صوبوں میں تشویش پیدا ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ عسکری قیادت ہماری سرحدوں کی محافظ ہے ، ان کے گھروں کو جلایاگیا ،اصل کردار کون ہے ،اس طرف تو کوئی آنہیں رہا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان پر 190 ملین پاو¿نڈ ملک ریاض کے آتے ہیں،بقول نیب کے القادر ٹرسٹ کک بیکس سے بنا ہے،اگر ملک ریاض نے رشوت دی ہے تو اس کا ذکر کیوں نہیں کیا جاتا ،ملک ریاض کو بزنس ٹائیکون کہتے ہیں ،ملک ریاض کانام لینے سے پتا نہیں زبان جل جاتی،ملک ریاض کو پکڑنا ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ کور کمانڈر ہاﺅس لاہور جناح ہاﺅس کے نام سے ہے اسکا احترام ہے،جناح ہاﺅس کے رہائشی بارے سوشل میڈیا کہتا ہے وہ خان صاحب کا گرویدہ تھا،آرمی چیف کو اس بارے تحقیقات کرنا چاہئیں ،تین گھنٹے جناح ہاو¿س جلتا رہا اور اسکا مکین اپنا گھر نہیں بچا سکا،جو اپنا گھر نہ بچا سکا وہ ملک کو کیا بچائےگا۔


