حکومت جان بوجھ کر اساتذہ کواحتجاج کرنے پر مجبور کر رہی ہے ، گورنمنٹ ٹیچرز

کوئٹہ( این این آئی) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام ہفتہ کواساتذہ کے حقوق کے حصول ،جونیئرٹیچرز کی اپ گریڈیشن ،ٹائم اسکیل کے انجماد ،پری میچور انکریمنٹ کی کٹوتی کے خلاف اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے ایک احتجاجی ریلی ضلعی صدر سید عزیز آغا،جنرل سیکرٹری خادم بگٹی اوردیگر کی قیادت میں نکالی گئی جو انسکمب روڈ، شارع اقبال ،عدالت روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر جے وی ٹی،جے ای ٹی اور مساوی اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے نوٹیفکیشن کے اجراءمیں تاخیر،اساتذ ہ کی تنخواہوں سے پری میچور انکریمنٹ کی رولز کے برعکس کٹوتی ،2019 سے ٹائم اسکیل کے بلاجواز انجماد ،درسی کتب کی عدم ترسیل ،تعلیمی اداروں کے فنڈز میں خوردبرد ،بورڈآفس میں مالی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے خلاف اور ٹیچنگ الاونس میں اضافے ،تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافے کے نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکاءسے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع کوئٹہ کے صدر نذیر عزیز آغا،جنرل سیکرٹری خادم بگٹی،قادر رئیسانی ،قائم خان کاکڑنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر اساتذہ کواحتجاج کرنے پر مجبور کر رہی ہے گزشتہ سال جی ٹی اے آئینی نے انہی مطالبات کے حل کیلئے 38دن تک تادم مرگ بھوک ہرتال کی جلسہ و جلوس ،مظاہرے اور دھرنے دیئے جس کے نتیجے میں حکومت نے اساتذہ کے مطالبات کو جائز قرار دیکر وزیراعلیٰ اور وزراءنے مذاکرات کئے اور اپ گریڈیشن کی وزیراعلیٰ اورصوبائی کابینہ نے باقاعدہ منظوری دی لیکن تاحال نوٹیفکیشن کے اجراءمیں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے جس پر اساتذہ دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا حکومت فوری طور پر پری میچور انکریمنٹ کی غیرقانونی کٹوتی ختم کرے، جونیئر ٹیچرز کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا جائے اور اساتذہ کے جائز مسائل کو فوری طور پرحل کرنے کے احکامات جاری کرے۔ انہوںنے کہا کہ مہنگائی نے اسوقت عوام اور خاص کر سرکاری ملازمین کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے حکومت آنے والے بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔انہوں نے کہا کہ جب تک اساتذہ کے جائز مطالبات کا نوٹیفکشن جاری نہیں ہوتا گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی اوراس میں مزیدشدت لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں