چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بگاڑ پیدا کیا، خرم دستگیر

گوجرانوالہ (صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بھی بگاڑ پیدا کیا، آئی ایم ایف کا معاہدہ نہیں ہو رہا تو اس کی وجہ چیئرمین پی ٹی آئی کے امریکا مخالف بیانات ہیں۔گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت تبدیل ہونے سے چیزیں فوری ٹھیک نہیں ہو جاتیں، انہیں ہونے میں بہت وقت لگتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے قرض میں تحریک انصاف نے 90 فیصد اضافہ کیا جس سے پاکستان کے وسائل سکڑ گئے، گزشتہ حکومت نے سی پیک کو بھی روکا، منصوبوں پر کوئی کام نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں آئی ایم ایف سے اس وقت کی حکومت نے بھیانک سودا کیا پھر بھیانک طریقے سے 2021 اسے میں توڑا، چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بھی بگاڑ پیدا کیا، گزشتہ حکومت کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے کوئی پاکستان پر اعتماد کیلئے تیار نہیں ، آئی ایم ایف کا معاہدہ نہیں ہو رہا تو اس کی وجہ چیئرمین پی ٹی آئی کے امریکا مخالف بیانات ہیں۔خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت نے مشکلات کے باوجود اچھا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں سولر پینل اور خام مال پر بھی کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی گئی، یکم جولائی سے سولر پینل کے خام مال کی امپورٹ مفت ہو جائے گی۔وزیر توانائی نے کہا کہ تھر اب خواب نہیں حقیقت ہے ہم اب وہاں سے بجلی پیدا کر رہے ہیں، نیوکلیئر سے بھی بجلی پیدا کر رہے ہیں،انہوںنے کہاکہ روس یوکرین جنگ سے عالمی سطح پر توانائی مہنگی ہوئی، سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔ بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہم نے اسے روکا ہوا ہے، بجلی کی ترسیل میں بہت بڑی پیشرفت ہوئی ہے، وہ سی پیک جو گزشتہ حکومت نے مفلوج کر دیا تھا اب وہ بھی چل گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں