الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کا کیس ،فواد چوہدری پر 24جون کو فرد جرم عائد کی جائے گی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ24جون مقرر کر دی ۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت کمیشن کے دیگر اراکین کودھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے کہا کہ فواد چوہدری پر 24 جون کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے مقدمے کی نقول فواد چوہدری کو فراہم کر دیں اور آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ اس کیس میں فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، یکم فروری کو سیشن کورٹ نے ان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔فواد چوہدری پر چیف الیکشن کمشنر سمیت کمیشن کے دیگر اہلکاروں کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔


