موجودہ حکومت نے فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی ہیں، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے طلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 1970سے 2000کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی رکی رہی،2000کے بعد فلم انڈسٹری میں ترقی کا سفر شروع ہوا،بڑے میڈیا ہائوسز نے انفرادی طور پر فلمیں تیار کیں جس سے فلم انڈسٹری بحال ہونا شروع ہوئی،سینما گھر نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں مزید ترقی نہیں ہو رہی ،ملٹی سکرین سینماز مہنگے ہونے کی وجہ سے عام عوام کا فلم دیکھنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔ان خیالات کااظہارمریم اورنگزیب نے آسٹریلیا روانہ ہونے والے نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے لئے ہائی اچیورز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2017میں حکومت نے پہلی فلم پالیسی جاری کی، فلم پالیسی میں فلم، ڈرامہ، موسیقی کی بحالی کا وژن فراہم کیا گیا،2018میں ہم نے فلم پالیسی کو بجٹ میں شامل کیا، گزشتہ برس جب دوباری ہماری حکومت آئی تو وزارت اطلاعات کے تحت فلم ڈویژن کا آغاز کیا،اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے،فلم تیار کرنے والوں کی آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، آلات کی درآمد، فلم میکنگ، سینما، پروڈکشن سے متعلق آلات کی درآمد پر ٹیکس زیرو ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر فلم کیلئے رقوم فراہم کرے گا تو ٹیکس کریڈٹ لیا جا سکتا ہے، فلم میکنگ کے اندر کنٹری بیوشن یا فنڈ فراہم کرنے پر بھی ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا،موجودہ حکومت نے فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی ہیں، حکومت پاکستان کا فلم فنانس فنڈ شروع ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نے 2 ارب روپے کے فلم فنانس فنڈ کا اعلان کیا ہے،حکومت فلم، ڈاکومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سینما گھروں کو10سال کے لئے ٹیکس فری کیا گیا، سینما گھروں کی آمدن پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا،عام عوام، متوسط اور نچلے طبقے کے لئے تفریح کا کوئی ذریعہ نہیں ہے،ان لوگوں نے مولا جٹ نہیں دیکھی جنہوں نے پچھلی مولا جٹ کو ہٹ کروایا تھا،سینما کی آمدن پر بھی مکمل طور پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہے،نوجوانوں، طلباو پروفیشنلز کے پاس بڑے امکانات ہیں، بیرون ملک جانے والے طلباواپسی پر موجود فریم ورک سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے بیانیہ کو صرف سکرین ٹورازم سے فروغ دیا جا سکتا ہے ،سعودی عرب، ترکی، ایران اور قطر سمیت ہمسائیہ ملکوں نے نئی فلم انڈسٹریاں قائم کیں، فلم فنانس فنڈ کیپیٹل انوسٹمنٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والے خلاکو کم کرے گا،اقرائ، نسٹ، لمز یونیورسٹیوں سمیت سکولوں نے بھی فلم پروڈکشن ڈرامہ کے بارے میں ڈگری کورسز متعارف کرائے،اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان کے بیانیہ، ورثہ، ثقافت اور عظیم تاریخ کو اجاگر کرنا ہے، پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور انفارمیشن سروس اکیڈمی کے اندر ٹریننگ ہو رہی ہے،فلم کے شعبہ میں پانچ سے دس سال کے لئے بہت سی مراعات دی گئی ہیں۔


