وزیراعظم شہباز شریف کی یونان میں کشتی حادثے کی تحقیقات کی ہدایت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ کی انکوائری کی ہدایت کر دی۔وزیرِ اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی سمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے انسانی سمگلنگ جیسے گھنائونے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈائون اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کر دیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔وزیرِ اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 79 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 27 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی جبکہ 50 سے زائد لاپتہ ہیں۔


