کوئٹہ پولیس کی عجیب منطق، شہریوں کو مویشی منڈیوں میں 10 لاکھ سے زائد رقم نہ لانے کی ہدایت

کوئٹہ (آن لائن) ایس پی سریاب ڈویثرن ضیا مندوخیل نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں میں 10 لاکھ یا اس سے زیادہ رقم منتقل کرنے سے قبل پولیس کو آگاہ کریں تاکہ جعل سازوں اور ڈاکوﺅں، چوروں سے شہری محفوظ رہ سکیں اور جانوروں کی خریدو فروخت کے دوران جیب کتروں، ٹھگوں سمیت نامعلوم رکشہ اور گاڑی ڈرائیوروں سے بھی دور رہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز علاقے کے مختلف مقامات پر دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈی ایس پی شالکوٹ سرکل خلیل احمد بگٹی‘ایس ایچ او منظور شہید سمیت دیگر بھی موجود تھے ایس پی سریاب ڈویثرن کا کہنا تھا کہ شہری علاقے میں قائم کی جانیوالی مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے اپنی موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو چوری ہونے سے بچانے کیلئے سائیکل اسٹینڈ پر کھڑی کریں ،جیب کتروں سے ہوشیار رہتے ہوئے جعلی نوٹ ملنے کی صورت میں پولیس کو آگاہ کریں اگر کسی رکشہ یا گاڑی میں بیٹھتے وقت کوئی دوسری سواری یا شخص بیٹھا ہوا ہے تو اس میں بیٹھنے سے گریز کریں جب کسی رکشے یا گاڑی میں بیٹھ جائیں تو پھر کسی دوسری سواری کو بیٹھنے کی اجازت نہ دیں زیادہ رقم کے لین دین کے وقت رش والے مقام کی بجائے کسی سائیڈ پر محفوظ مقام کا انتخاب کریں زیادہ رقم کی صورت میں اکیلے آنے جانے کی بجائے کسی ساتھی کو ساتھ لائیں اور بچوں کو لاتے وقت انکا خاص خیال رکھیں زیادہ رقم کے لین دین کی وجہ سے گائے ،بیل کو مویشی منڈی سے علیحدہ رکھا گیا ہے جہاں پر محتاط رہیں اور بیوپاری حضرات 10لاکھ یا اس سے زیادہ رقم منتقل کرنے سے قبل پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے لوگوں کی نقل و حرکت کو محفوظ بنایا جاسکے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پولیس کا اولین فرض ہے اور شہری بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرکے ایسے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے شکنجے میں جکڑنے کیلئے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں