سوراب آر سی ڈی دو رویہ شاہراہ کی زد میں متاثرہ مالکان کو ملنے والے معاوضے سے نائب تحصیلدار 30 فیصد رقم لینے پر بضد

سوراب (آن لائن) آرسی ڈی شاہراہ کے دو رویہ کی زد میں آنے والے زمین مالکان کو سرکار کی جانب سے ملنے والے معاوضے سے نائب تحصیلدار سوراب اپنے لیے 30فیصد رقم غیر قانونی حصہ لینے پر بضد، نہ دینے کی صورت میں چیک حوالہ نہ کرنے کی دھمکی ، متاثرہ زمین مالکان کا کمشنر قلات اور دیگر اعلی حکام سے نائب تحصیلدار سوراب کے ناروا ظلم سے نجات دلانے کی اپیل ، تفصیلات کے مطابق لاکھوریان کے رہائشی اسداللہ گرگناڑی عبدالسلام گرگناڑی اور دیگر نے کمشنر قلات ڈویژن اور دیگر اعلی حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نائب تحصیلدار سوراب محمد عارف کی ہٹ دھرمی اور ظلم و زیادتیوں سے نجات دلائیں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو اپنی فریاد سناتے ہوئے نائب تحصیلدار سوراب کے ستائے ہوئے متاثرہ شہریوں کا کہنا تھا کہ لاکھوریان میں ان کی جدی پشتی اراضی آر سی ڈی شاہراہ دو رویہ کرنے کے نتیجے میں زد میں آ گئی ہیں جس کے لیے انہیں ملکی قانون کے مطابق معاوضہ ادا ہونا ہے لیکن متنازعہ نائب تحصیلدار سوراب محمد عارف ان سے تیس فیصد رقم کا ناجائز مطالبہ کررہا ہے اور نہ دینے کی صورت میں ہمیں ہمارے ملنے والے قانونی حق سے محروم کرنے کی واضح دھمکیاں دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سڑک کی زد میں آنے والے متاثرہ زمین مالکان سے مذکورہ نائب تحصیلدار سوراب کی جانب سے اپنے لئے تیس فیصد حصے ناجائز مطالبے کے قصے اب زبان عام ہوچکے ہیں، گزشتہ دنوں بھی ان کی زیادتیوں کے خلاف ذمین مالکان کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کی گئی تاہم ساز باز کے ذریعے اسے منظر عام پر لانے سے روک دیا گیا، مذکورہ شخص سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے لاچار شہریوں کو ناجائز تنگ کرکے حکومت کی جانب سے ملنے والے ان کے حق سے اپنے لئے ناجائز حصہ وصول کررہا ہے، اب ہم سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے کا مطالبہ کرچکا ہے اور نہ دینے کی صورت میں ہمیں ہمارے ملنے والے حق سے محروم رکھنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ، بدقسمتی سے یہ سب کچھ سوراب کے اعلی انتظامی آفیسران کے علم میں ہوتے ہوئے ہورہا ہے اور کوئی انہیں روکنے والا نہیں، متاثرہ شہری اسد اللہ گرگناڑی اور عبدالسلام گرگناڑی کے مطابق وہ کمشنر قلات ڈویژن سمیت تمام بالائی حکام سے نوٹس لینے کی مسلسل اپیل کررہے ہیں اور انصاف نہ ملا تو وہ مجبورا سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر زمہ داری ہمیں ناجائز تنگ کرنے والے ہٹ دھرم نائب تحصیلدار سوراب پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں